دنتے واڑہ: چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ ضلع میں نکسلیوں نے ایک بڑی واردات کو انجام دیا ہے۔ نکسلیوں نے ڈیڑھ درجن گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے۔ تمام گاڑیاں ایک نجی تعمیراتی کمپنی کی ہیں۔ نکسلیوں نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات بیلاڈیلا روڈ پر آگ زنی کی یہ واردات انجام دی۔ اس آگ زنی سے کافی نقصان ہوا ہے۔
دنتے واڑہ سے بیلاڈیلا کے بیچ کی سڑک کو کشادہ کرنے کا کام کیا جا رہا ہے اور یہ کام آر سی کینال کمپنی کر رہی ہے۔ کمپنی نے اپنا کیمپ بنگالی کیمپ کے قریب بنایا ہے جو کہ بھانسی پولیس اسٹیشن سے 1 کلومیٹر دور ہے۔ کل رات تقریباً 2 بجے 150 سے زیادہ نکسلی وہاں پہنچے اور سڑک کی تعمیر میں زیر استعمال گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ سینکڑوں نکسلیوں میں وردی والے مسلح نکسلی بھی شامل تھے۔
دنتے واڑہ کے ایس پی گورو رائے نے اس واقعہ کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ نکسلیوں نے گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کر دیا اور موقعے سے فرار ہوگئے۔ اس دوران نکسلیوں نے موقعے پر موجود چوکیداروں کو تعمیراتی کام روکنے کی دھمکی دی اور کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے واقعات رونما ہوں گے۔ موقعے سے کچھ بینر پوسٹر بھی برآمد ہوئے ہیں۔ فی الحال اطلاع ملنے کے بعد موقعے پر فورس بھیج دی گئی ہے۔ گاؤں والوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔