بیجاپور، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل ایس ایل تھاوسین نے چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع کے انتہائی نکسل متاثرہ علاقے میں واقع 196 بٹالین سی آر پی ایف کے گلگام فارورڈ آپریٹنگ بیس کا دورہ کیا اور آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سی آر پی ایف کے ڈی جی مسٹر تھاوسین نے کل اپنے دورے کے دوران سی آر پی ایف اور پولیس افسران اور جوانوں سے بات چیت کی اور مادر وطن کی خدمت میں ان کے صبر اور حوصلے کی تعریف کی اور تمام کی اپنی تقریر سے حوصلہ افزائی کی۔
اس دوران انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف نے اپنی انتھک کوششوں اور محنت سے جھارکھنڈ، بہار اور مغربی بنگال کے سب سے زیادہ نکسل متاثرہ علاقوں کو نکسلزم سے آزاد کرایا ہے۔ اسی طرح اب چھتیس گڑھ مقامی انتظامیہ کی مدد سے انتہائی نکسل متاثرہ علاقوں کو نکسلزم سے پاک بنانے کی سمت میں آگے بڑھے گا۔ ڈی جی تھاوسین نے کہا کہ اس وقت کئی نکسلائیٹس اور نکسلیوں کے بڑے بڑے لیڈر بھی خودسپردگی کر رہے ہیں یا پولیس اور سی آر پی ایف کے آپریشن کے دوران مارے جا رہے ہیں۔ اس کام کے لیے پولیس، سی آر پی ایف اور ضلع انتظامیہ کا باہمی تال میل اور کردار انتہائی قابل ستائش ہے۔