رائے پور:مہادیو ایپ معاملے میں آج کانگریس الیکشن کمیشن سے ملاقات کرنے جارہی ہے۔ بی جے پی نے اتوار کو مہادیو بک بیٹنگ ایپ کیس کے مبینہ ملزم شبھم سونی کا ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کا مالک ہے اور اس کے پاس چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کو اب تک 508 کروڑ روپے ادا کرنے کا "ثبوت" ہے۔ یہ ویڈیو بی جے پی کے مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں جاری کیا۔ دبئی میں بیٹھا مبینہ ملزم شبھم سونی ویڈیو میں خود کو مہادیو بک بیٹنگ ایپ کا مالک بتا رہا ہے۔ اس ویڈیو میں مبینہ ملزم شبھم سونی نے مہادیو ایپ کی پوری کہانی بتائی ہے اور اس بیٹنگ ایپ سے کون کون جڑا ہوا ہے۔ اس نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس سنڈیکیٹ میں سی ایم بگھیل، ان کے بیٹے بٹو، ان کے سیاسی مشیر ونود ورما اور ایک آئی پی ایس افسر شامل ہیں۔ اس نے دعویٰ کیا کہ ’’بگھیل ‘‘ اور دیگر کو اب تک 508 کروڑ روپے دیے جاچکے ہیں۔
مہادیو بیٹنگ ایپ میں ایک چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا تھا۔ ای ڈی نے جمعہ (3 نومبر) کو دعویٰ کیا تھا کہ فرانزک جانچ اور کیش کورئیر کے بیان سے مہادیو سٹے بازی کیس میں سی ایم بھوپیش بگھیل کو رقم دینے کی حقیقت سامنے آئی ہے۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ مہادیو بیٹنگ ایپ کے پروموٹرز نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کو تقریباً 508 کروڑ روپے ادا کیے ہیں۔ ای ڈی کے اس دعوے پر سی ایم بگھیل نے جوابی حملہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس سے بڑا مذاق کوئی نہیں ہو سکتا۔