جگدل پور:ریاست چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں آج پولیس اور نکسلیوں کے درمیان تصادم میں چار سے زیادہ ماؤنوازوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ علاقے میں تلاشی لی جارہی ہے۔ سکما کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل شرما نے بتایا کہ پولم پلی پولیس اسٹیشن کے تحت پالماڈگو گاؤں میں کل ہفتہ وار بازار تھا۔ تین تاجر اپنی موٹر سائیکل پر شام دیر گئے اپنے گاؤں ڈورنپال کے لیے روانہ ہوئے۔ راستے میں ماؤنوازوں نے ان تین خوردہ تاجروں کو روکا اور ان کی پٹائی کی۔ لڑائی اتنی زیادہ ہوئی کہ ایک تاجر پردیپ بگھیل کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور پردھان سنانی، گوپال بگھیل نامی دو لوگ زخمی ہوگئے۔ ان دونوں کو علاج کے لیے ڈورنپال پرائمری ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا، جن کا علاج جاری ہے۔
سکما کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل شرما نے بتایا کہ اسی سلسلے میں اسپیشل ٹاسک فورس اور ضلع پولیس ریزرو کی ایک ٹیم کو آج صبح بھیجّی تھانہ علاقہ سے ماؤنوازوں کی تلاش میں روانہ کیا گیا۔ جیسے ہی پارٹی پالم گوڈا کے قریب پہنچی، گھات لگائے ہوئے ماؤنوازوں نے پولیس پر گولی چلا دی۔ آدھے گھنٹے تک دونوں طرف سے فائرنگ ہوتی رہی۔ جائے وقوعہ پر بڑی مقدار میں خون کے دھبے نظر آئے جس سے معلوم ہوا کہ تین سے چار ماؤنوازوں کے زخمی ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ علاقے میں تلاشی لی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ ایک اپریل کو چھتیس گڑھ کے جنوبی بستر علاقے میں نکسلیوں نے ایک مسافر بس کو نذر آتش کر دیا۔ جبکہ پولیس اور نکسلیوں کے درمیان مڈبھیڑ ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی ایک پل کو بھی دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کی وجہ سے 20 گاؤں کا رابطہ ضلع ہیڈ کوارٹر بیجاپور سے منقطع ہو گیا۔