دنتے واڑہ:نکسلیوں نے چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں ہوئے انکاؤنٹر کو فرضی قرار دیا ہے۔ نکسلیوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے بے دردی سے تین غیر مسلح کیڈروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور انہیں پی ایل جی اے کے جنگجو قرار دیا۔ دربھا ڈویژن کمیٹی کے ماؤنواز ترجمان سائی ناتھ نے ایک پریس نوٹ جاری کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ، سینکڑوں بستر فائٹرس، ڈی آر جی اور مسلح پولیس نے ہمارے ساتھیوں کا فرضی انکاؤنٹر کیا۔ اس فرضی مدبھیڑ میں کامریڈ کہرم لکشمن، کامریڈ ماڑوی سوما اور کامریڈ ڈوڑی لنگال، تینوں غیر مسلح تھے اور سادہ کپڑوں میں جا رہے تھے۔ تینوں غریب قبائلی کسان خاندانوں سے تھے جو تنظیم سے وابستہ تھے۔ اسی دوران سیکورٹی فورسز نے انھیں پکڑ کر ہلاک کر دیا۔
نکسلی ترجمان نے پریس نوٹ میں چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ وشنو دیو سائی کا بھی ذکر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ، یہ انکاؤنٹر اس ماہ برسراقتدار آئی چھتیس گڑھ حکومت کی سازش ہے، جس کی نکسل تنظیم مخالفت کرتی ہے۔