رائے پور: بی جے پی اور کانگریس نے چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات میں تمام 90 اسمبلی سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس الیکشن میں سیاسی جماعتوں نے تمام برادریوں اور طبقات کا خاص خیال رکھتے ہوئے اسمبلی انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم کی ہے۔ لیکن اس بار بھی اسمبلی انتخابات میں مسلم کمیونٹی کے امیدواروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس نے ایک بار پھر وزیر محمد اکبر کو ٹکٹ دیا ہے لیکن بی جے پی نے 90 اسمبلی سیٹوں میں سے ایک پر بھی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔
چھتیس گڑھ میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 3.5 فیصد ہے
اگر ہم چھتیس گڑھ میں مسلم آبادی کی بات کریں تو سال 2011 کی مردم شماری کے مطابق ریاست کی کل آبادی کا تقریباً 2.02 فیصد مسلمان ہیں، جبکہ اب یہ بڑھ کر تقریباً 3.5 فیصد ہو گئی ہے۔ بہت بڑا ووٹ بینک ہونے کے باوجود چھتیس گڑھ اسمبلی میں مسلم کمیونٹی کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر رہی ہے۔
کانگریس نے محمد اکبر کو اپنا امیدوار بنایا
سیاسی ماہر اور سینئر صحافی انیرودھ دوبے کا کہنا ہے کہ چھتیس گڑھ کے قیام کے بعد سے کانگریس نے اسمبلی انتخابات میں صرف دو مسلم لیڈروں کو ٹکٹ دیا ہے۔ جن میں سے ایک فی الحال بھوپیش حکومت میں وزیر ہیں۔ جن کا نام محمد اکبر ہے۔ اس بار بھی کانگریس نے ان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہیں ٹکٹ دیا ہے۔ وہ کاوردھا اسمبلی حلقے سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
سال 2008 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے بدرالدین قریشی کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔ بدرالدین نے بھیلائی شہر سے اسمبلی الیکشن لڑا اور بی جے پی امیدوار پریم پرکاش پانڈے کو شکست دے کر ایم ایل اے بنے تھے۔ حالانکہ 2018 کے اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس نے انہیں ویشالی نگر سیٹ سے امیدوار بنایا تھا، لیکن وہ یہ انتخاب بی جے پی کے موجودہ ایم ایل اے ودیا رتن بھسین سے ہار گئے۔ محمد اکبر اور بدرالدین قریشی کے علاوہ کوئی بھی مسلم کمیونٹی کا لیڈر چھتیس گڑھ میں اسمبلی تک نہیں پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں:
کانگریس نے چھتیس گڑھ انتخابات کے لئے کمیٹیاں بنائیں
کانگریس نے چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی
بی جے پی نے 15 سالوں میں کسی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا
اگر ہم بی جے پی کی بات کریں تو چھتیس گڑھ کے قیام کے بعد سے اب تک، جتنے بھی اسمبلی انتخابات ہوئے ہیں، ان میں بی جے پی نے ایک بھی ٹکٹ مسلم کمیونٹی کو نہیں دیا ہے۔ بی جے پی نے اس بار بھی وہی روایت برقرار رکھا ہے۔ غور طلب ہو کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں بھی بی جے پی کی جانب سے کسی مسلم لیڈر کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔
مسلم کمیونٹی نے کانگریس سے پانچ لوگوں کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا تھا
مسلم کمیونٹی کی ناراضگی بی جے پی سے کم اور کانگریس سے زیادہ دیکھی جارہی ہے۔ چھتیس گڑھ غوثل اعظم کمیٹی کے سرپرست حاجی بدرالدین کھوکھر کا کہنا ہے کہ کانگریس ہر بار ہماری برادری کے دو لوگوں کو ٹکٹ دیتی تھی لیکن اس بار اس نے کاوردھا سے صرف ایک امیدوار کھڑا کیا ہے۔ ہم نے کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ پانچ لوگوں کو ٹکٹ دیا جائے۔ مسلم کمیونٹی کو توقع تھی کہ کانگریس کم از کم دو لوگوں کو ٹکٹ دے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ بدرالدین نے مزید کہا کہ مسلم کمیونٹی ہمیشہ سیکولر لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور مستقبل میں بھی سیکولر پارٹی کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
بی جے پی میں مسلم کمیونٹی کو اہمیت نہ دیے جانے کے سوال پر بدرالدین نے کہا، ’’ایسا نہیں ہے کہ بی جے پی میں مسلم کمیونٹی کے لوگ نہیں ہیں، وہاں بھی مسلم کمیونٹی کے لوگ ہیں اور ان کی توجہ حاصل ہو رہی ہے، اس لیے وہ بی جے پی میں ہیں۔ لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ہم سیاست میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہتے ہیں اور ہم نوجوانوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیاست میں سرگرم رہیں، چاہے وہ کسی بھی پارٹی میں شامل ہوں۔"
کانگریس نے ٹکٹوں کی تقسیم میں تمام برادریوں اور طبقات کا خیال رکھا
کانگریس کا دعویٰ ہے کہ اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ کی تقسیم کے دوران تمام طبقات کا خیال رکھا گیا ہے۔ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ کانگریس امیدواروں کی فہرست میں ڈاکٹر، انجینئر، تاجر، کسان، نوجوان اور خواتین سبھی شامل ہیں۔ کانگریس کے ریاستی ترجمان دھننجے سنگھ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ کانگریس نے تمام طبقات کا خیال رکھا ہے لیکن بی جے پی کی فہرست میں کہیں کہیں من مانی نظر آرہی ہے، جس کی وجہ سے بی جے پی میں ناراضگی بھی دیکھی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
وہیں بی جے پی نے ٹکٹوں کی تقسیم میں مسلمانوں کو اہمیت نہ دینے کے الزامات کی تردید کی۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان گوری شنکر شرینواس نے کہا کہ بی جے پی ذات اور مذہب کی بنیاد پر ٹکٹ نہیں دیتی، بلکہ سروے کے بعد جیتنے والے امیدواروں کو ٹکٹ دیتی ہے۔ شرینواس نے کہا کہ بی جے پی بغیر کسی تفریق کے کام کرتی ہے۔ بی جے پی نے مسلم کمیونٹی کے لیے بہت کام کیا ہے۔ انہیں بھی نمائندگی کا موقع دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چھتیس گڑھ سے مسلم کمیونٹی سے اب تک کوئی اتنی بڑی قیادت سامنے نہیں آئی ہے۔ جس کے حوالے سے بھی لوگوں کے ذہنوں میں سوالات اٹھتے ہیں۔ لیکن آزادی کے بعد سے مسلم کمیونٹی کا کانگریس سے زیادہ لگاؤ دیکھا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی پہلی ترجیح کانگریس ہے۔