چھتیس گڑھ کے سینیئر آئی پی ایس گرجندر پال سنگھ (Gurjinder pal singh) کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اے سی بی اور ای او ڈبلیو نے بیک وقت 15 مقامات پر چھاپے مارے جن میں آئی پی ایس جی پی سنگھ اور ان کے ساتھیوں کے گھر شامل تھے۔ چھاپوں کا آغاز یکم جولائی کو ہوا تھا جو تاحال جاری ہے۔
اس کارروائی میں اب تک 10 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کا انکشاف ہوا ہے۔ 2 کلو سونا سمیت 16 لاکھ روپے نقد رقم بھی برآمد ہوئے ہیں۔ اے سی بی (ACB) جلد ہی پوری رقم کا انکشاف کر سکتا ہے۔
گزشتہ جمعرات کی صبح چھتیس گڑھ پولیس ڈپارٹمنٹ میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) اور ای او ڈبلیو نے اپنے ہی سابق افسر کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔ چھتیس گڑھ کے سینئر آئی پی ایس گرجندر پال سنگھ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو نے ان کے گھر سمیت 15 دیگر مقامات پر چھاپے مارے جس میں ان کے بہت سے قریبی دوست بھی شامل تھے۔