کانکیر: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کانگریس کے دوبارہ اقتدار میں آنے پر بہار کی طرز پر چھتیس گڑھ میں ذات پات کی مردم شماری کا اعلان کرتے ہوئے بی جے پی پر اس مسئلے پر خاموش رہنے اور لوگوں کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرنے کاالزام لگایا۔
گاندھی نے آج یہاں اربن باڈی اور پنچایتی راج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار کی ذات پات کی مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق او بی سی، درج فہرست ذات اور قبائل کی آبادی 84 فیصد ہے، تو کیا بڑے بڑے عہدوں پر بھی ان طبقوں کی اتنی ہی حصہ داری ہے ۔ ان کی شرکت اتنی کیوں نہیں ہوسکتی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت آنے پر غریبوں کو 10 لاکھ مکانات دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے پسماندہ طبقات اور خواتین کو بلدیاتی اداروں اور پنچایتوں میں ریزرویشن دینے کا کام کیا۔ کانگریس نے انہیں بااختیار بنانے اور انہیں مالی حقوق دینے کا کام بھی کیا، لیکن بی جے پی حکومتوں نے پنچایتوں سے حقوق چھیننے کی کوشش کی اور مالی حقوق کو کم کرنے کی کوشش کا کام کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومتوں نے منریگا کے بجٹ میں بھی کٹوتی کی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو گاﺅں میں روزگار نہیں مل پا رہا ہے۔
گاندھی نے کہا کہ ایک طرف کانگریس نے گاؤں، غریبوں، قبائلیوں، دلتوں اور کسانوں کی ترقی کا خیال رکھا، وہیں دوسری طرف بی جے پی نے ملک کی ساری دولت اپنے ارب پتی دوستوں کو دے دی۔ ان کے لاکھوں کروڑوں کے قرضے معاف کر دیے گئے، لیکن جب کسانوں کے قرضے معاف کرنے کی بات آتی ہے تو کہتے ہیں کہ پیسے نہیں ہیں۔ مودی جی نے اپنے لیے دو مہنگے طیارے خریدے، 20 ہزار کروڑ روپے کی نئی پارلیمنٹ کی عمارت بنوائی، 27 ہزار کروڑ روپے کا یاسوپتی ہال بنایا، لیکن جب سرکاری ملازمین کی پرانی پنشن کی بات آتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ پیسہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب حکومت کی نیت ٹھیک ہو تب ہی وہ عوام کے مفاد میں سوچ سکتی ہے۔ مودی حکومت نے کسانوں کو مضبوط کرنے کے بجائے ان کی کمر توڑ دی ہے، ان کی روزانہ کی آمدنی 27 روپے ہے تو اڈانی ایک دن میں 1600 کروڑ روپے کما رہے ہیں۔ مہنگائی اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ عام لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ ہر چیز پر ٹیکس لگا کر لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے پبلک سیکٹر کے اداروں کو پرائیویٹ ہاتھوں میں دیا جا رہا ہے۔ کمزور طبقات کو نہ تو ریزرویشن ملے گا اور نہ ہی نوکریاں۔