جانگیر چامپا:چھتیس گڑھ کے جانگیر چامپا شہر میں پولیس نے پینٹورا چوک میں رونما ہونے والی خوفناک قتل کی ایک واردات کا معمہ حل کرلیا۔ دراصل، پولیس کو بھارت ماتا چوک کے پاس ایک کچلی ہوئی لاش ملی تھی۔ لاش کے قریب ایک الٹا ہوا آٹو بھی ملا۔ جب پولیس جائے واردات پر پہنچی تو اسے لگا کہ آٹو ڈرائیور سڑک حادثہ میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ پولس اپنے اس قیاس کو ہی سچ مان رہی تھی لیکن بعد میں پتہ چلا کہ مرنے والا آٹو ڈرائیور نہیں بلکہ آٹو میں سفر کرنے والا مسافر تھا جس کی لاش سڑک پر پڑی ملی تھی۔
- فلمی انداز میں قتل
دراصل اس معاملے میں مقتول کو کوربا جانا تھا۔ ٹرین روانہ ہو چکی تھی، اس لیے اس نے آٹو کے ذریعے کوربا جانے کا فیصلہ کیا۔ اس نے ایک آٹو ڈرائیور سے بات کی جس کا نام شنکر شاستری ہے۔ ملزم ڈرائیور کوربا جانے پر راضی ہوگیا۔ دونوں کوربا کے لیے روانہ ہوئے لیکن راستے میں آٹو خراب ہونے کی وجہ سے ان کے درمیان کئی بار جھگڑا ہوا۔ نشے میں دھت مسافر نے ڈرائیور کو کئی بار گالیاں دیں۔ اس معاملے پر راستے میں کئی بار جھگڑا ہوا۔ پولیس کے مطابق گالیوں کے بعد ڈرائیور شنکر شاستری کا غصہ آسمان پر پہنچ گیا اور اس نے مسافر کو مار ڈالا۔
- پولیس کو الجھانے کے لیے کپڑے بدلے
شنکر شاستری نے سڑک کے بیچ میں گاڑی روکی۔ سواری کو نیچے اتارا اور اس کے سر پر ایک بڑا پتھر مارا۔ ڈرائیور نے مقتول کے چہرے کو پتھر سے اس قدر کچل دیا کہ چہرہ ناقابل شناخت ہو گیا۔ قتل کے بعد ڈرائیور نے اپنے کپڑے مقتول پر ڈالے اور موقع سے فرار ہو گیا۔ ڈرائیور نے جائے واردات پر اپنا شناختی کارڈ بھی گرا دیا اور مقتول کا شناختی کارڈ لے کر موقعے سے فرار ہو گیا۔ قاتل نے مقتول کے فون سے اپنا فون بھی بدل لیا تاکہ پولیس کو لگے کہ مرنے والا آٹو ڈرائیور تھا۔ جب ڈرائیور اپنے گھر نہیں پہنچا تو اس کے اہل خانہ نے پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے آٹو ڈرائیور کے گھر والوں کو آٹو نمبر اور موقعے سے برآمد ہونے شناختی کارڈ کی تصویر دکھائی۔ گھر والوں نے بھی قبول کر لیا کہ لاش ان کے اپنے بیٹے کی ہے۔ جب کہ حقیقت میں ملزم ڈرائیور خود کو بچانے کے لیے میت کا بھیس بدل کر اور اپنا سر منڈوا کر روپوش تھا۔