بڈگام:حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہفتہ کو جموں و کشمیر بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔امام حسین اور ان کے 72 ساتھیوں کی کربلا میں حق کی سربلندی کے لیے دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ہر سال یہ دن 10 محرم کو منایا جاتا ہے۔
یوم عاشورہ کے سلسلے میں بڈگام کے جامعہ باب العلم سے ایک بڑا جلوس نکالا گیا۔مرثیہ اور نوحہ پڑھتے ہوئے ،امام حسینؓ کے ہزاروں عزاداروں نے جلوس میں شرکت کی اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دس محرم الحرام سنہ 61 ہجری کو نواسہٌ رسول حضرت امام حسینؓ کو کربلا کے میدان میں ان کے اصحاب و انصار کے ساتھ تین دن کا بھوکا اور پیاسا رکھ کے شہید کر دیا گیا تھا۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایسی مثال قائم کی جس نے رہتی دنیا تک حق و باطل کا معیار طے کر دیا۔