بڈگام:وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں چلتی ٹرین کی زد میں آکر ایک خاتون کی موقعے پر ہی موت واقع ہوگئی۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ فوت ہوئی خاتون مازہامہ اور بڈگام ریلوے اسٹیشن کے درمیان ایک مقام پر پٹری پار کر رہی تھی جس دوران وہ چلتی ٹرین کی زد میں آکر فوت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں خاتون کی موقعے پر ہی موت واقع ہوگئی اور انہوں نے ہلاک شدہ خاتون کی شناخت راجہ بیگم زوجہ مرحوم عبد الرشید ڈار ساکن گلوان پورہ، سبدن، بڈگام کے طور پر کی ہے۔ مرحومہ کے سوگواروں میں چار یتیم بچے ہیں۔
ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ راجہ بیگم بڈگام ریلوے اسٹیشن کے قریب ریل کی پٹری کو پار کر رہی تھی جس دوران وہ ریل گاڑی کی زد میں آگئی اور اس کی موت واقع ہو گئی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ خاتون اپنے کھیتوں پر جا رہی تھی جو پٹری کی دوسری جانب واقع ہے۔ ایک اور مقامی شخص نے بتایا کہ ’’ہمارے گاؤں میں لوگوں کی ایک فیصد اس جانب جب کہ 99 فیصد ریل پٹری کے دوسری جانب رہائش پذیر ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’ہم نے بار بار متعلقہ ریلوے افسران اور ضلع انتظامیہ بڈگام کو یہاں پر ایک پل تعمیر کرنے یا سڑک تعمیر کرنے کی مانگ کی تھی جو کہ برسوں سے پوری نہیں ہو رہی ہے۔ اس مقام پر اکثر و بیشتر انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کی بھی موت واقع ہو جاتی ہے۔‘‘