وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے ایک اور تیندوے کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف نے تیندوے کو کرالپورہ، بڈگام میں دبوچ لیا۔ محکمہ کے مطابق انہیں 29 اکتوبر کو علاقے میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی جسکے بعد انہوں نے علاقے میں پنجرے نصب کیے اور گزشتہ رات کرالپورہ میں قائم سینٹرل انسٹیٹیوٹ آف ٹیمپریٹ ہارٹیکلچر کے نزدیک تیندوے کو نصب کیے گئے پنجرے میں پھنسا ہوا پایا گیا۔
محمکہ کے مطابق رواں برس ماہ جون سے انہوں نے چودہ تیندوے پکڑ لئے ہیں جن میں تیندوے کے تین بچے بھی شامل ہیں۔
وائلڈ لائف کے افسران کے مطابق رواں برس فروری سے وہ لگاتار ریسکیو آپریشن چلا رہے ہیں اور آئے دن انکو تیندوں کے انسانی بستیوں کے نزدیک دیکھے جانے کی اطلاع موصول ہوتی رہتی ہے تاہم انکے مطابق محکمہ فوری طور کارروائی انجام دے رہا ہے۔