بڈگام:وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں میونسپل کمیٹی بڈگام کے حدود میں مارکیٹنگ چیکنگ ڈرائیو انجام دی گئی۔ جس دوران مٹن کی دو دکانوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ مختلف دکانداروں سے 13,600 روپے کا جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔ ایک آفیشل نے بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے پیش نظر ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے تعاون سے بڈگام میونسپل حدود میں بازاروں کا معائنہ کیا گیا۔ مارکیٹ چیکنگ ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی سربراہی میں چلائی گئی۔
چیکنگ کے دوران خلاف ورزی کے مرتکب کئی دکانداروں سے 13600 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ جبکہ بڑی مقدار میں نا قابل استعمال اشیائے خورد ونوش کو بھی ضبط کرکے اسے موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا جو، آفیشلز کے مطابق، استعمال کے لیے غیر مناسب تھی۔ آفیشلز کے مطابق فوڈ سیفٹی اور حفظان صحت سے متعلق رہنما خطوط اور ضوابط کی خلاف ورزی کی پاداش میں مٹن کی دو دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ مارکیٹ چیکنگ میں شامل افسران نے بتایا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گراں فروشی پر لگام کسنے اور بازاروں میں معیاری اشیاء خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے کی غرض سے اس طرح کی ڈرائیوز کا اہتمام عمل میں لایا جاتا ہے۔