سرینگر:کشمیر میں ان دنوں اخروٹ اترانے کا سیزن عروج پر ہے۔ اس دوران اخروٹ اترانے کے دوران کئی افراد درخت سے گر کر لقمہ اجل بن جاتے ہے۔جموں و کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے میں ایک 45 سالہ شخص اخروٹ کے درخت سے گر کر فوت ہوگیا۔ اہک مقامی باشندے نے فون پر اس واقعہ کی تصدیق کی اور بتایا کہ ضلع راجوری سے تعلق رکھنے والے رفیق احمد کسر کی موت اس وقت واقع ہو گئی جب وہ ایک اخروٹ کے درخت سے اچانک توازن کھو کر گر گیا۔ اگرچہ زخمی حالت میں مذکورہ شخص کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قرار دیا۔تمام طبی اور قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعدلاش کو لواحقین کو سپرد کی گئی ہے۔
ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کچوا علاقے میں ایک شخص اخروٹ کے پیڑ سے گر کر ہلاک ہوگیا۔ اگرچہ مذکورہ شخص کو فوری طور نزدیکی پرائمری ہیلتھ سینٹر چندوسہ لے جایا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قرار دے دیا۔ متوفی کی شناخت اوڑی کہ لچھی پورا علاقے کے منظور احمد نجار ولد محمد رمضان نجار کے بطور ہوئی ہے۔