بڈگام:محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری اور بارشوں کے علاوہ بالائی علاقوں میں درمیانہ درجہ کی برفباری ہوئی۔ برفباری کے سبب جہاں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ہوئی وہیں وادی کی سیر پر آئے سیاح برفباری سے کافی لطف اندوز ہوئے۔ سری نگر ایئرپورٹ پر ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے متعدد سیاحوں نے اپنے تجربات شیئر کیے۔ Kashmir Snowfall
سیاحوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سردیوں خاص کر برف کی سفید چادر میں لپٹے کشمیر کی وادیوں، مرغزاروں اور کوہساروں کا نظارہ واقعی قابل دید ہے۔‘‘ سیاحوں نے کہا کہ وادی کشمیر کے دلفریب مناظر کے ساتھ ساتھ یہاں کے باشندے بھی کافی مہمان نواز ہیں۔ انہوں نے برفباری کے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا: ’’کشمیر واقعی جنت بے نظر ہے، تاہم برفباری کے دوران کشمیر کے حسن اور اس تجربہ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ملک کے ہر ایک باشندہ کو کم از کم ایک بار کشمیر میں آکر یہاں کے حسن خاص کر برفباری سے لطف اندوز ہونا چاہئے۔‘‘ Tourists Enjoy Snowfall in Kashmir