بڈگام:وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت بڈگام پولیس نے دریگام پارک خانصاحب، پولیس اسٹیشن بیروہ، پولیس اسٹیشن چاڈورہ، پولیس اسٹیشن کھاگ، پولیس چوکی پکھر پورہ اور پولیس چوکی سوئی بُگ میں ’’تھانہ دیوس‘‘ کا انعقاد کیا۔ تھانہ دیوس کے دوران پولیس افسران اور عوامی وفود کے مابین مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تھانہ دیوس کے دوران عوامی دلچسپی کے امور بشمول منشیات کی بدعت، سماجی میں بڑھتی ہوئی برائیاں، جرائم اور دیگر عوامی خدمات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تقریب کے دوران تمام شکایات کو تحمل سے سنا گیا اور شرکاء کو بعد ازاں یقین دلایا گیا کہ پولیس سے متعلق تمام شکایات کو قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا اور باقی شکایات کو طے شدہ طریقہ کار کے تحت متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
تقریب کے دوران منشیات کے استعمال اور سماجی جرائم کے خاتمے کے لیے عوام سے تعاون طلب کیا گیا۔ پولیس افسران نے کہا کہ ’’اس طرح کے پروگرام اور مجالس پولیس اور عوام کے درمیان خلا کو پر کرنے اور پولیس فورس کو ذمہ دار، شفاف، جوابدہ اور عوامی مطالبات کے تئیں حساس بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں:Bandipora Thana Diwas:سمبل میں تھانہ دیوس کا انعقاد
بعض مقامات پر شرکاء کی جانب سے بنیادی مسائل بشمول بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی، گراں فروشی سمیت مختلف سرکاری محکمہ جات سے متعلق مسائل سے پولیس افسران کو آگاہ کیا گیا، چیئرنگ آفیسر نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کے ساتھ ہی ان مسائل کے جلد حل کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی۔ چیئرنگ آفیسر نے اجلاس میں شرکت کرنے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسی تقریبات میں شرکت کریں۔