بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر محکمہ کے زیر اہتمام ’’ون اسٹاپ سنٹر‘‘ بڈگام نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالہ سے بیداری مہم کے تحت ڈسٹرکٹ ہب کے تعاون سے بلاک بیروہ کی مقامی خواتین کے لئے ٹاؤن ہال بیروہ میں یک روزہ بیداری کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا۔ بیداری کیمپ کا انعقاد بی بی بی پی اور این ایم بی اے کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی غرض سے منعقد کیا گیا تھا۔ ٹیم DHEW کے ایک ممبر نے بتایا کہ ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘‘ اسکیم کا نفاذ ملک بھر میں صنفی امتیاز اور خواتین کو بااختیار بنانے میں حائل خدشات کو دور کرنے کی غرض سے کیا جا رہا ہے۔
بیداری پروگرام کے دوران مقررین نے بتایا کہ ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘‘ اسکیم کا مقصد شہریوں کو صنفی تعصب کے بارے میں روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو تعلیم کے نور سے منور کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے وضع کی گئی اسکیموں کو خواتین تک پہنچانا ہے۔ ٹیم کے ایک اور ممبر نے بتایا کہ ’’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ یوجنا کا مقصد بچوں کے جنسی تناسب کو بہتر بنانے، صنفی مساوات اور خواتین کو با اختیار بنانے، صنفی تعصب کو روکنے، جنس کے انتخاب کے خاتمے، بچیوں کی بقاء اور تحفظ کو یقینی بنانے کے مقاصد کو حاصل کرنا ہے اور ساتھ ہی لڑکیوں کی تعلیم اور ان کی ہر محاذ پر شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے۔‘‘