بڈگام میں کورونا وائرس کے معاملوں میں لگاتار کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ یکم اپریل دو ہزار اکیس سے اب تک ضلع بڈگام میں 14299 مثبت معاملے درج ہوئے ہیں جن میں سے اب تک 14136 افراد اس جان لیوا بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اسکی جانکاری ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے دی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع میں مثبت معاملوں کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ شہباز مرزا نے کہا کہ ضلع میں اب صرف 276 فعال معاملے ہیں۔ ڈی سی نے کہا کہ لوگوں نے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا ہے جسکے نتیجے میں اب یہاں مثبت معاملوں کی شرح کافی کم ہوئی ہے۔
ٹیکہ کاری کے حوالے سے جانکاری فراہم کرتے ہوئے شہباز مرزا نے کہا کہ ضلع میں پینتالیس سال سے زائد عمر کے افراد کو ٹیکہ دیا جا رہا ہے اور اب تک 84 فیصد افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کا عمل چل رہا ہے اسے لگ رہا ہے کہ آنے والے کچھ دنوں میں یہ ٹارگیٹ سو فیصد ہو جائے گا۔