بڈگام:ریلوے، مواصلات اور الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دورے میں انہوں نے سرینگر سے بارہمولہ ریلوے لائن کا انسپکشن کیا۔ موصوف نے بارہمولہ میں مقامی لوگوں سے ملاقات بھی کی۔
مرکزی وزیر نے بارہمولہ ریلوے اسٹیشن پر مسافرین کو دی جا رہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارتی ریلوے کی آخری لائن بارہمولہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ میں اس سے کافی خوش ہوں اور ہماری کوشش ہے کہ بھارتی ریلوے نیٹ ورک کو اور زیادہ بہتر بنایا جائے۔‘‘
مرکزی وزیر نے بڈگام میں پی آر آئیز ضلع ترقیاتی کونسل کے اراکین، پنچوں اور سرپنچوں سے ملاقات بھی کی۔انہوں نے بتایا کہ ہم مستقبل قریب میں کشمیر کے ریلوے کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’کشمیر کو ریل کے ذریعے دسمبر 2023 یا جنوری 2024 تک ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑ دیا جائے گا اور لوگ ان (ریلوے) خدمات کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔‘‘
مرکزی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ’’اس روٹ پر خصوصی ڈیزائن کردہ وندے بھارت ٹرین بھی ہوں گی۔ یہ ٹرین کشمیر کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جا رہی ہیں۔ آپ کو ٹرین تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ یہ ٹرین دیگر پٹریوں پر بھی چلیں گی۔‘‘
رواں برس ریلوے کے لیے بجٹ مختص کرنے کے بارے میں مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ 5,983 کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ، جموں و کشمیر کے لیے ریلوے پروجیکٹس میں سب سے زیادہ مختص رقم رکھی گئی ہے۔