بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ضلع انتظامیہ نے بلاک چاڈورہ کے پنچایت حلقہ پانزن میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کیمپ منعقد کیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بڈگام، ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک نے ہائر سیکنڈری اسکول پانزن میں منعقدہ اس گریونس ریڈریسل کیمپ کی صدارت کی۔ کیمپ کے ابتدا میں پانزن، ہشرو، گنجی باغ، لالگام، شاہ محلہ، پوروار، چِلچھ اور دیگر ملحقہ دیہات سے تعلق رکھنے والے مختلف پی آر آئی نمائندوں، عوامی وفود نے اے ڈی ڈی سی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور بروقت حل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ Grievance Redressal camp Panzan Chadoora
اس موقع پر اے ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران سے علاقے میں ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا مقامی باشندوں کو بجلی کی بہتر فراہمی کے لیے رانگر اور پانزن ریسیونگ اسٹیشنز پر کام شد و مد سے جاری ہے اور تکمیل کے قریب ہے۔ اسی طرح علاقے کو پورٹیبل پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹ اور نئے سروس ریزروائر کی تعمیر ہشرو-پانزن ڈبلیو ایس ایس پر بھی کام جاری ہے۔