بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں پنچایت کانفرنس نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پلوامہ ضلع میں کشمیری پنڈت سنیل شرما کے قتل کی سخت مذمت کی۔ سنیل شرما پلوامہ ضلع میں ایک بینک میں بطور گارڈ کام کر رہے تھے اور انہیں اتوار کو نا معلوم بندوق برداروں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے کے خلاف وادی کشمیر سمیت جموں صوبے میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیے گئے۔ پنچایت کانفرنس سوئی بُگ، بڈگام نے بس اسٹینڈ سے ڈی سی آفس بڈگام تک شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے قاتلوں کو سخت سزا دیے جانے کا مطالبہ کیا۔
سنیل شرما کے قتل کے خلاف سیاسی، سماجی اور تاجر انجمنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور شہری ہلاکتوں کی سخت مذمت کی۔ سنیل شرما کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پنچایت کانفرنس ممبران نے شہری ہلاکتوں پر روک لگائے جانے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں شامل مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں 1990سے جاری نامساعد حالات کے دوران قتل و غارت گری خاص کر اقلیتی طبقہ سے وابستہ افراد کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے حکام سے شہری ہلاکتوں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کو سخت سزا دیے جانے کا مطالبہ کیا۔