بڈگام: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جموں و کشمیر پولیس نے طالبات کی فلاح و بہبود، انہیں مختلف اسکیموں سے با خبر کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو با اختیار بنانے اور لڑکیوں کے جسمانی مسائل پر مبنی ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا۔ یہ پروگرام ڈسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) بڈگام میں منعقد کیا گیا جس کا، منتظمین کے مطابق، مقصد نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا اور انہیں جسمانی اور دیگر تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے موزوں ترین طریقوں کو سمجھنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
ڈی پی ایل بڈگام میں منعقدہ اس پروگرام میں ضلع کے مختلف سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کی 100 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں کئی سیشنز کا انعقاد کیا گیا تھا جن میں صحت اور حفظان صحت، اپنے دفاع، خواتین سے متعلق قانونی مسائل اور لڑکیوں کے لیے کیریئر کے مواقع جیسے مخصوص موضوعات پر توجہ مرکوز کی گئی۔