بڈگام:پرنسپل سیکریٹری، ہائیر ایجوکیشن، اطلاعات و تعلقات عامہ، جموں و کشمیر، روہت کنسل نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے شیخ العالم میموریل ڈگری کالج بڈگام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کانفرنس ہال کی عمارت اور ’’دیوری‘‘ پتھر سے تعمیر کیے گئےگیٹ کا افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں روہت کنسل نے آٹھ لیکچر تھیٹرز اور لائبریری بلاکس کی سنگ بنیاد بھی رکھی۔
ـپرنسپل سیکریٹری نے کیا ایس اے ایم کالج بڈگام کا دورہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بڈگام، ایس ایف حامد، ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر یاسمین عشائی، پرنسپل ایس اے ایم کالج، ڈاکٹر مدثر افشاں بھی انکے ہمراہ تھے۔ پروجیکٹس کا افتتاح کرنے کے بعد پرنسپل سیکریٹری نے کانفرنس ہال میں ایک پروگرام میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے عملہ اور سینکڑوں طلبہ کی موجودگی میں کالج کا نیوز لیٹر جاری کیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکریٹری نے سال 2005 میں کالج کھلنے کے بعد سے بنیادی ڈھانچے، تعلیمی اداروں اور مجموعی کام کاج میں بے پناہ تبدیلی اور بہتری لانے کے لیے فیکلٹی اور کالج انتظامیہ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’حکومت نے ماہرین تعلیم میں بہتری لانے کے لیے مختلف پہل اور اقدامات کیے ہیں اور قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کا نفاذ اس کی جانب ایک ایسا ہی بڑا قدم ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایک طرف جموں و کشمیر کے طلبہ بین الاقوامی نصاب کے ڈیزائن سے بھرپور استفادہ کریں گے اور دوسری جانب انہیں اپنی پنہاں اور تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، علم سیکھنے اور دوسری ریاستوں کے طلباء اور مختلف ممالک کے طلبہ و اساتذہ کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے بہترین مواقع بھی فراہم ہونگے۔‘‘
روہت کنسل کے مطابق ’’دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ کالجوں کو تحقیقی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گیں اور فیکلٹی اور طلباء دونوں کو یونیورسٹیوں کی طرح تحقیقی کام کے لیے تربیت دی جائے گی۔‘‘ انکا کہنا تھا کہ NEP-2020 کے تحت طلباء اکیڈمک بینک کریڈٹ کے ذریعے 40 فیصد کریڈٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں اور طلباء کو کثیر الشعبہ تعلیمی نقطہ نظر کو اپنانے کی ترغیب دینا اور طلباء کو ’ہنر مند پیشہ ور‘ بنانا اور ان کی مجموعی ترقی کو فروغ دینا ہی اس کے اصل مقاصد ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں:High School Building Inaugurated چرمجرو میں گورنمنٹ ہائی اسکول کی عمارت کا افتتاح
دریں اثنا، پرنسپل سیکریٹری نے طلباء پر زور دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں اور انہیں پورا کرنے کے لیے اپنی پوری صلاحیت جھونک دیں۔ اور اپنی اکیڈمکس پر توجہ مرکوز رکھیں اور ان کی مجموعی شخصیت کی نشوونما کے لیے تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں دونوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ اس موقع پر ڈی سی بڈگام، ڈائریکٹر کالجز اور پرنسپل ایس اے ایم نے بھی خطاب کیا۔