بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے تعلق رکھنے والے دھوکہ باز کو گرفتار کیا گیا ہے جو پڑے پورہ سرینگر میں ایک جعلی کنسلٹینسی چلا رہا تھا اور وہاں پر طلباء اور نوکری کے خواہش مند افراد کو بیرون ممالک بھیجنے کے عوض ٹھگتا تھا۔ جموں و کشمیر پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک دھوکہ باز شخص جس کی شناخت سید عباس شاہ ولد سید یوسف شاہ ساکن وہاب پورہ بڈگام کے طور پر کی گئی ہے، یہ پرے پورہ میں ایک تعلیمی کنسلٹنسی 'ڈاکٹر مائنڈز' کے نام سے چلا رہا تھا۔
یہ مذکورہ ٹھگ طلباء کو بیرون ممالک میں ایڈمیشن کرانے اور نوکری کے خواہش مند افراد کو بیرون ممالک نوکریاں فراہم کرنے کے عوض موٹی موٹی رقومات اینٹ لیتا تھا۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اس شخص نے پیسے کی ادائیگی کے بدلے ایران میں ایم بی بی ایس میں داخلہ دلانے کا وعدہ جن طالب علموں کے ساتھ کیا تھا ان کو دھوکہ دیا۔ طالب علموں کو دھوکہ دہی اور جعلسازی کا علم تہران پہنچنے کے بعد ہوا اور اس جعلساز کو لاکھوں کی ادائیگی کے بعد بھی بغیر کسی داخلہ کے مہینوں گزارے۔ جس کے بعد طالب علموں کے والدین نے اس بارے میں پولیس کو جانکاری دی اور بعد ازاں پولیس نے مذکورہ جعلساز ٹھگ کو گرفتار کر لیا ہے۔