ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے میں قائم گورنمنٹ مڈل اسکول شنگلی پورہ میں دو ایس ایس بی اسکولوں کو ضم کرنے کے فیصلے پر لوگوں نے محکمہ تعلیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
گورنمنٹ مڈل اسکول شنگلی پورہ میں پہلے سے ہی دو سو سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ وہیں، پرائمری اسکول گل بل کے 23 اور پرائمری اسکول شنگلی پورہ B کے 53 طلبہ و طالبات کو شامل کیے جانے سے مڈل اسکول طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے ضلع بڈگام کا سب سے بڑا مڈل اسکول بن گیا ہے۔ تاہم درجنوں مزید طلبا سے نہ صرف اسکول میں جگہ کی قلت پیدا ہو گئی ہے بلکہ طلبا کی تعلیم پر بھی برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
اسکول میں کل 08 کمرے ہیں جس میں ایک دفتر کے لیے استعمال ہوتا ہے جبکہ تین کنڈر گارڈن میں زیر تعلیم چھوٹے بچوں کے لیے مخصوص ہیں۔
باقی پانچ کمروں میں دیگر جماعتوں کے طلبہ و طالبات کو پڑھایا جاتا ہے۔ جگہ کی قلت کے سبب اسکول کے صحن میں بنے عارضی شیڈ بھی کلاس روم کے لیے استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔