بڈگام:جموں و کشمیر پولیس معاشرے سے منشیات کی بدعت کو ختم کرنے کے غرض سے اپنی کوششوں کو لگاتار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وادی بھر میں اس حوالے سے کاروائیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت پیر کو وسطی کشمیر بڈگام ضلع میں پولیس نے ایک ’’بدنام زمانہ منشیات فروش‘‘ کو گرفتار کیا ہے۔ بڈگام پولیس نے حراست میں لیے گئے منشیات فروش کی تحویل سے سائیکو ٹروپک مادہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بڈگام پولیس نے ایک گاڑی کو بھی سیز کر لیا ہے۔ بڈگام پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع کے ہرن علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس چوکی سوئی بُگ کی ایک پارٹی نے ایکوسپورٹس (Ford Eeco Sports) گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر DL10CT-4968 کو رکنے کا اشارہ کیا۔
پولیس بیان کے مطابق گاڑی میں میں ایک ہی شخص سوار تھا جو کہ ہاکرمولہ سے ہرن کی جانب جا رہا تھا۔ بڈگام پولیس کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران 330 سٹرپس آف ٹیپینڈاڈول (Tapendadol) جس میں تیبلٹس کا کل شمار (3300 گولیاں) ہے اور 25 سٹرپس Spasmo-Proxyvon جس میں کیپشولز کی کل تعداد (200 کیپسول) ہے بر آمد ہوئیں۔ منشیات برآمد ہونے کے بعد ڈرائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا اور اس جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی سیز کر لیا گیا ہے۔ بڈگام پولیس نے گرفتار کیے گئے ڈرائیور -منشیات فروش- کی شناخت نثار احمد شیخ ولد غلام نبی شیخ ساکن سیکٹر ڈی ہمدانیہ کالونی، بمنہ کے طور پر کی ہے۔