نعیم احمد جسمانی طور سے معذور ہیں لیکن انہوں نے اپنی معذوری کو کمزوری نہیں بننے نہیں دیا اور ہمت و محنت کی وجہ سے بھارت کی معذوروں کی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اب نعیم احمد بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بھارت کی نمائندگی کریں گے۔ ضلع بڈگام کے آرتھ علاقے سے تعلق رکھنے والے نعیم کو بورڈ آف ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے سلیکشن لیٹر بھی موصول ہوگیا ہے۔
نعیم نے اپنی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا سہرا اپنے والدین اور اپنے بڑے بھائی کے سر باندھا ہے۔ پچیس سالہ نعیم کے ایک ہاتھ کی انگلی بچپن میں ایک حادثے میں کٹ گئی تھی۔ انگلی کٹنے کے بعد وہ کھیل نہیں پارہے تھے جس کی وجہ سے کھیلنا چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کھیلنے کے جذبے نے انہیں ایک بار پھر سے میدان میں اتارا اور انہوں نے بھارتی ٹیم میں جگہ بنائی۔
نعیم کا کہنا ہے کہ انہیں گیند پکڑنے اور فیلڈنگ کرنے کے دوران کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن وہ پیچھے نہیں ہٹے اور آگے بڑھتے گئے۔