سری نگر: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) کشمیر رینج ودھی کمار بردی نے جمعرات کے روز وسطی ضلع بڈگام میں سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران آئی جی کشمیر کو انسداد دہشت گردی آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی نے جمعرات کے روز بڈگام کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی منظر نامے کے بارے میں آگاہی حاصل کی ۔
ان کا کہنا تھا کہ موصوف آئی جی پی نے ضلع کو درپیش موجودہ سیکورٹی خطرات و چیلنجز کی تشخیص پر زور دیا۔ پولیس بیان کے مطابق مسٹر بردی نے افسروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی سیکورٹی واقعے سے نمٹنے کے لئے فوری کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔ پولیس بیان میں کہا گیا: 'آئی جی پی نے مجموعی سیکورٹی صورتحال کے استحکام کے لئے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون ہونے پر زور دیا'۔