بڈگام:جموں وکشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ہابرڈ عسکریت پسند اور اُس کے ساتھی کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد 62 آر آر، 43 بٹالین سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ہابرڈ عسکریت پسند اور اُس کے ساتھی کو حراست میں لے لیا۔
گرفتار ہابرڈ عسکریت پسند کی شناخت مدبر اعجاز ولد اعجاز احمد ساکن گلشن آباد حیدر پورہ اور اُس کے ساتھی کی پہچان سعید منتہا معراج ولد سعید معراج الدین ساکن نیو کالونی اوم پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ موصوف ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ہابرڈ عسکریت پسند اور اُس کے ساتھی ضلع بڈگام میں سرگرم عسکریت پسندوں کو منطقی مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسلحہ وگولہ بارود کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے میں بھی پیش پیش رہتے تھے۔