بڈگام (جموں و کشمیر) :وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والی ایک نرس - فردوسہ جان - جو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (SKIMS) صورہ میں گزشتہ دو دہائیوں سے کام کر رہی ہے کو ’’فلورنس نائٹنگیل‘‘ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے۔ فردوسہ اس وقت سرینگر کے باغ مہتاب میں رہائش پذیر ہیں تاہم وہ ضلع بڈگام کے چرارِ شریف علاقے کی رہائشی ہے۔ جمعرات کو دہلی میں انہیں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فردوسہ جان کو کووڈ 19 کے دوران گراں قدر خدمات انجام دینے کے لیے یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ معاشرے میں منشیات کے مضر اثرات اور دماغی صحت کے مسائل سے متعلق آگاہی کے لیے بھی ان کے غیر معمولی کام کے اعتراف میں انہیں اس اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ فردوسہ نے فون پر اپنے احساسات کا ٓاظہار کرتے ہوئے کہا کہا کہ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے پر بے حد خوش اور مطمئن ہیں، انہوں نے کہا: ’’اس (ایوارڈ) سے آپ کو یہ احساس ہوتا ہے کہ آپ کے کاموں اور محنت کو تسلیم کیا جا رہا ہے اور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ: ’’میں نے تعلیمی اداروں میں بیداری پروگرامز منعقد کیے ہیں تاکہ نوجوانوں کو منشیات کی لت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے اور ذہنی بیماریوں سے لوگوں کو بیدار کیا جا سکے کیونکہ کشمیر میں ذہنی تناؤ کی وجہ سے نفسیاتی امراض کے معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘