بڈگام (جموں کشمیر) :جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جدید کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لئے تحصیل اچھگام میں سروے نمبر 576 کے تحت 117 کنال اراضی منتقل کیے ہیں۔ محکمہ محصولات نے پہلے ہی بڈگام میں نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے زمین کی منتقلی کو منظوری دے دی تھی۔
ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر اینڈ لداخ نے اراضی کی منتقلی کو منظوری دی تھی۔ جبکہ اس حوالہ سے بار ایسوسی ایشن بڈگام نے اچھگام، بڈگام میں نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے اراضی کے حصول کے سلسلے میں ایک میٹنگ بھی منعقد کی ہے۔ قبل ازیں، بڈگام کے اچھگام علاقے میں نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے اراضی کی منتقلی کی درخواست ڈسٹرکٹ پرنسپل اینڈ سیشن جج بڈگام نے دی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بڈگام میں موجودہ کورٹ کمپلیکس میں جگہ کی کمی ہے، اور ناکافی انفراسٹرکچر کی وجہ سے ہجوم کا شکار رہتا ہے۔