دہلی کے شکرپور علاقہ میں گرفتار شدہ تین افراد کے خاندان نے آج بڈگام قصبہ میں بی جے پی ریلی کے دوران زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
دہلی میں گرفتار شدہ افراد کے ارکان خاندان کا بڈگام میں احتجاجی مظاہرہ بڈگام کے جن تین افراد کو دہلی پولیس نے گرفتار کیا ہے ان کے افرادِ خانہ نے آج بی جے پی ریلی کے دوران جوں ہی مرکزی وزراء نے شرکت کی اچانک احتجاج شروع کردیا۔ احتجاج کرنے والوں میں بچے، خواتین اور بوڑھے افراد شامل تھے۔
احتجاجی مظاہرہ کے دوران دہلی پولیس کے خلاف خوب نعرے بازی کی گئی اور بی جے پی رہنماؤں سے گرفتار شدہ افراد کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن کسی بھی رہنما نے ان کی بات پر توجہ نہیں دی۔ احتجاجی اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے ہوئے تھے جس پر "ہمیں انصاف دو" درج تھا۔
مظاہرین نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم یہاں انصاف کی آواز بلند کرنے آئے تھے اور امید ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ہمارے بچوں کو پھنسایا جا رہا ہے، وہ بے قصور ہیں اور عسکریت پسند تنظیموں یا جماعتوں کے ساتھ ان کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ لوگ کچھ کام سے دہلی گئے تھے تاہم انہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تینوں افراد بے گناہ ہیں۔ انہوں نے دہلی پولیس، بی جے پی اور ایل جی منوج سنہا کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی سے بے گناہ افراد کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔