بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بلاک ایس کے پورہ میں منریگا (MGNREGA) کے تحت زائد رقام ادا کرنے کے الزام میں پانچ ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ایک آفیشل نے، اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر، اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مصدق نذیر (VLW)، الیاس احمد وانی (انچارج جونیئر اسسٹنٹ) اور اویس محمد ڈار (ٹیکنیکل اسسٹنٹ)، افرمین علی (ٹیکنیکل اسسٹنٹ) کے علاوہ سریر احمد گنائی (GRS) کو ایم جی نریگہ (MGNREGA) کے تحت کئے گئے کاموں میں اضافی رقم واگزار کرنے کا قصوروار پایا گیا ہے۔
پروجیکٹ آفیسر ویجز ایمپلائمنٹ (ACD) بڈگام نے ان پانچ ملازمین کو معطل کر دیا ہے اور بلاک ایس کے پورہ میں ’’ایم جی نریگا‘‘ کے تحت زائد ادائیگی جاری کیے جانے پر انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچوں اہلکاروں کو معطل کر کے ان سبھی کو اے سی ڈی آفس، بڈگام، سے منسلک کر دیا گیا ہے۔