بڈگام:وسطمی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جیو ٹیلیکام کمپنی کی جانب سے معروف سیاحتی مقام دودھ پتھری میں دو موبائل ٹاورز نصب کئے گئے جس کے بعد پہلی اس دلکش سیاحتی مقام میں موبائل فون بجنے لگے۔ ڈی سی بڈگام اکشے لبرو نے رسمی طور موبائل ٹاورز کا افتتاح کیا۔ افتتاح تقریب کے موقع پر مقامی پی آر آئی ممبران، پولیس و سیول انتظامیہ کے افسران سمیت مقامی باشندوں کی خاصی تعداد موجود رہی۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ اس اقدام نے دودھ پتھری کے لیے ایک نیا باب کھولا ہے جس سے یہاں کی سیاحت کو مزید فروغ ملے گا اور لوگ ایک دوسرے کے قریب ہوئے ہیں جیسا کہ اس سے پہلے ان ٹاورز کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ افتتاح تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بڈگام، اکشے لبرو، نے کہا: ’’میں سیلولر ٹاور دیکھ کر زندگی میں کبھی بھی اتنا خوش نہیں ہوا جتنا آج دودھ پتھری میں ٹاورز کی تنصیب سے ہوا ہوں، یہ سیلولر ٹاورز اُس کمیونیکیشن گیپ کو پر کریں گے جس کا اس سیاحتی مقام کو مدتوں سے انتظار تھا۔‘‘