ضلع بڈگام میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کو مدد فراہم کر نے کے لئے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بڈگام نے نمبرات جاری کیے ہیں۔ ضلع میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اس لیے لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز نے یہ اقدام کیا ہے۔
سب جج بڈگام فوزیا پال نے بتایا کہ ایک ہفتے سے جاری ان نمبرات پر متعلقہ حکام کو قریب ساٹھ فون کال موصول ہوئیں ہیں۔ کچھ لوگوں کو بینک کے متعلق کام تھا تو کچھ افراد کو کورٹ، دوائی وغیرہ کا مسئلہ تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فون کالز کے ذریعے ہی انہوں نے تقریباً سبھی افراد کی مدد کی۔ لوگوں کو مدد پہنچانے کے لیے اب ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بڈگام نے غیر سرکاری تنظیموں کو بھی اپنے ساتھ ملایا ہے اور ان کی مدد سے وہ ضرورت مندوں تک پہنچ کر ان کی مدد کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بڈگام: یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی
اب تک ضلع بھر میں این جی اوز کی مدد سے انتظامیہ نے پانچ سو سے زائد گھرانوں میں راشن پہنچایا ہے۔ اس تعلق سے آج بڈگام میں فوزیا پال کی صدارت میں غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں تقریبا 23 این جی اوز نے شرکت کی۔ سب جج بڈگام فوزیا پال نے انہیں کہا کہ وہ ضرورت مندوں کی نشاندہی کریں اور اگر ہو سکے تو ان کی مدد کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان سے مدد نہیں ہو پا رہی ہے تو ضلع انتظامیہ کو اس کی اطلاع دیں تاکہ لوگوں کو راحت نصیب ہو۔