بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ’’ڈیجیٹل سروسز‘‘ کو بااختیار بنانے کے عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ بڈگام نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اشتراک سے ایک بیداری ریلی کا اہتمام کیا۔ ’’ڈیجیٹل جموں و کشمیر‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ریلی کا مقصد ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینا اور آن لائن خدمات کے بے شمار فوائد کو اجاگر کرنا ہے۔
جوش و جذبے اور لگن کا ایک متحرک مظاہرہ کرنے والی اس ریلی کو بڈگام کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس طاہر گیلانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بڈگام ڈاکٹر ناصر، سی ای او بڈگام رومانہ قاضی اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر اور دیگر افسران و اہلکاروں نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ضلع بڈگام میں ایس ایس پی آفس سے شروع ہونے والی اس ریلی میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے صبح سویرے یہاں پہنچ کر اس ریلی میں شرکت کرنے کے اپنے جوش اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ یہاں جمع ہونے کے بعد ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔ یہ ریلی بڈگام کی مختلف سڑکوں اور گلیوں سے گزری۔ ریلی میں شامل شرکاء نے ہاتھوں میں مختلف بینرز، پلے کارڈز اور معلوماتی پمفلٹ اٹھا رکھے تھے جن پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی و افادیت سے متعلق معلومات درج تھی۔