بڈگام (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈپٹی کمشنر، اکشے لبرو، نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس گراؤنڈ، بڈگام، میں انٹر زونل ضلعی سطح کے کھو کھو اور کبڈی مقابلوں کا اعلان کیا۔ ڈی سی بڈگام نے کھیل مقابلوں کا اعلان ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس، بڈگام، کی جانب سے اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ تقریب میں ضلع کے 12زونز سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔
تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی بڈگام نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں واقع ڈسٹرکٹ سٹیڈیم میں شرکت کرنے والے طلباء کو خوش آمدید کہا اور مقابلوں کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ان کی تعریف کی۔ ڈی سی نے کہا کہ ’’ضلع بڈگام میں کھیلوں اور دیگر شعبوں میں نمایاں مقام پیدا کرنے کی خواہشات اور تخلیقی صلاحیتوں سے پُر نوجوانوں میں کافی صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ان (صلاحیت مند) نوجوانوں کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کرانے کے لیے ضلع انتظامیہ اسپورٹس حکام کی مشاورت کے ساتھ ہی بڈگام میں ضلع اور زونل سطح پر کھیلوں کا بہتر انفراسٹرکچر بنانے کے لیے پر عزم ہے۔‘‘