وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جمعرات کو انتظامیہ کی طرف سے دوبارہ پانچ روزہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے احکامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کری پورہ اور پاٹواؤ علاقوں سے جلوس عزا برآمد ہو کر امام بار گاہ بڈگام میں پرامن طریقے سے اختتام پذہر ہوئے۔
واضح رہے کہ انتظامیہ نے ضلع میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر دوبارہ پانچ روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں کورونا کیسز میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر پانچ روزہ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کیا جارہا ہے جس دوران کسی بھی مذہبی جلوس یا بڑے اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جموں و کشمیر کی سب سے بڑی شیعہ تنظیم 'انجمن شرعی شیعیان' نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر امسال اس تنظیم کے زیر اہتمام برآمد ہونے والے تمام جلوس ہائے عزا کو معطل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
یہ اعلان انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کے فرزند آغا سید مجتبیٰ الموسوی الصفوی نے اتوار کو 'ایوان صحافت' میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔
کری پورہ اور پاٹواؤ میں ہر سال سات محرم کی دوپہر کو انجمن شرعی شیعیان کی قیادت میں ہی جلوس عزا برآمد ہو کر امام بار گاہ بڈگام میں اختتام پذیر ہوجاتے ہیں۔
نتظامیہ نے جمعرات کی صبح ضلع کی طرف آنے والی تمام سڑکوں کو سیل کر دیا تھا اور لوگوں کو ضلع میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔
اطلاعات کے مطابق کری پورہ اور پاٹواؤ کے گرد وپیش بھی سیکورٹی فورسز اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔
لیکن جمعرات کی دوپہر ہوتے ہی دونوں علاقوں سے جلوس عزا برآمد ہوئے جن میں معمول سے زیادہ تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔