بڈگام (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں سیل، بیروہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک 22سالہ نوجوان کی لاش پیر کی صبح برآمد ہوئی۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ سیل گاؤں کے باشندوں نے پیر کی صبح ایک لاش کو اس وقت دیکھا جب وہ اپنے روز مرہ کے کام کاج کے لئے گھروں سے باہر نکلے۔ لوگوں نے بتایا کہ ایک نوجوان کو زمین پر گرا پڑا دیکھ کر انہوں نے نزدیک سے ملاحظہ کیا تو دیکھا کہ نوجوان کی موت واقع ہو چکی ہے۔
لوگوں نے بتایا کہ یہ خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور لوگ وہاں جمع ہو گئے جس کے فوراً بعد عوام نے نزدیکی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ بڈگام پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ابتدائی تفتیش کے دوران متوفی کی شناخت سمیر احمد ولد عبد المجید ساکنہ زنیگام، سیل، بیروہ کے طور پر ظاہر کی۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔