بڈگام (جموں و کشمیر):وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈپٹی کمشنر، بڈگام، اکشے لبرو نے ضلع کے رائتھن، خانصاحب علاقے میں واقع ریگینیا ماتا استھاپن شیلا کا دورہ کیا اور یہاں منعقد ہونے والے سالانہ ہون میں شرکت کی۔ ہَون میں درجنوں کشمیری پنڈتوں نے شرکت کرکے پوجا پاٹ انجام دی۔ یاد رہے کہ رائتھن میں ہر سال کشمیری پنڈت اس مذہبی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے ملک کے مختلف حصوں سے یہاں آکر مندر میں جمع ہوتے اور پوجا پاٹ کرتے ہیں۔
کشمیری پنڈت برادری نے مذہبی تقریب کو خوش اسلوبی سے منانے کے لیے مناسب انتظامات کرنے پر ضلع انتظامیہ بڈگام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈی سی بڈگام، اکشے لبرو، نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کے علاوہ علاقے کے منتخب اراکین، رائتھن کے مقامی لوگوں نے مندر میں آنے والے عقیدت مندوں کے لیے بہترین سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے تہہ دل سے کوششیں کی ہیں اور اس میں ہمیشہ کی طرح کامیاب رہے۔ اکشے لبرو کے مطابق ’’مہمان نوازی کشمیریوں کا مزاج ہے اور صدیوں سے یہ روایت برقرار ہے۔‘‘