ڈی سی بڈگام نے مزار چرار شریف اور ریگینیا ماتا استھپن مندر کا دورہ کیا بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈپٹی کمشنر بڈگام اکشے لابرو نے آج چرار شریف میں زیارت شریف شیخ نور الدین نورانیؒ اور ریگینیا ماتا استھاپن مندر، بادیی پورہ میں پر حاضری دی۔ درگاہ پر حاضری دینے کے بعد ڈی سی نے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پراجیکٹس کے معائنے کے دوران ڈی سی نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ مین پارک ڈویلپمنٹ، چلڈرن پارک اور تالاب تک پاتھ وے ڈویلپمنٹ سے متعلق کاموں کو ایک ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے۔
انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ دیگر جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سہولیات جلد از جلد عقیدت مندوں کو فراہم کی جائے۔ دورے کے دوران مختلف وفود نے ڈی سی سے ملاقات کی اور ان سے اپنے مطالبات اٹھائے۔ ڈی سی نے انہیں صبر سے سنا اور بعدازاں ان کو یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
دریں اثنا، جیستھا اشٹمی کی تقریبات میں شامل ہوتے ہوئے ڈی سی نے چاڈورہ میں ریگینیا ماتا استھپن مندر بادی پورہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود دیگر کشمیری پنڈتوں کے ساتھ مہا یگیہ میں شامل ہوئے۔ ڈی سی کے ہمراہ ایس ایس پی بڈگام الطاہر گیلانی اور صدر میونسپل کونسل چاڈورہ سید فہد بھی تھے۔ اس موقع پر ڈی سی یہاں موجود لوگوں کو جیستھا اشٹمی کی مبارکباد دی۔
یہ بھی پڑھیں: Charar e Sharif Minaret Partially Damaged : زلزلے کے سبب چرار شریف زیارت گاہ کے مینار کو جزوی نقصان
وہیں ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیتے ہوئے ڈی سی نے مندر کے قریب راستے کی ترقی، چشمے کی ترقی اور جلد سے جلد ٹیرس کی تعمیر کو مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی سی نے اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور ٹائلوں کے کام سمیت پاتھ وے کی تعمیر جلد سے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ آر اینڈ بی حکام کو ہدایت کی کہ وہ چرار شریف اور مندر روڈ چاڈورہ دونوں پر پیچ ورک اور گڑھوں کی صفائی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں۔ اس دوران ڈی سی اور ایس ایس پی بڈگام کے علاوہ جے ڈی پلاننگ، ایس ڈی ایم چاڈورہ، اے سی ڈی، اے سی پی، تحصیلدار، ایگزن پی ایچ ای اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔