بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈپٹی کمشنر، اکشے لبرو، نے بیروہ میں شری ابھینو گپت کے بیرم غار سائٹ کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی سی نے وہاں جاری پروجیکٹس پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا، جن میں - غار تک رسائی، غار تک سیڑھیاں، رابطہ سڑک کی ڈیولپمنٹ، کنکریٹ پارک پر ٹائل کا کام، پارک کی لان ڈیولپمنٹ اور بیوٹیفیکیشن، بینچوں کی تنصیب، گھاس کی کٹائی، شامل ہیں۔ غار تک جانے والے راستے پر اسٹریٹ لائٹس اور اسٹریم سائڈ کے قریب پارک کی اپگریڈیشن پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈی سی نے اس بات پر زور دیا کہ ’’تمام منصوبوں پر کام کا عمل تیز کیا جائے اور تمام ترقیاتی منصوبے کم سے کم وقت میں مکمل کیے جائیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’بیرم غار کے مقام پر سیاحت کی صلاحیت موجود ہے اور اسے ہیریٹیج کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے لیے بھی تیار کیا جائے گا۔‘‘ ڈی سی کے مطابق ضلع انتظامیہ بیرم غار کی ترقی کو یقینی بنانے اور اس کے ورثے کے ساتھ ساتھ (بیرم) یاترا کی اہمیت کے پیش نظر سیاحوں کی بغیر کسی پریشانی کے اس مقام پر پہنچنے کے لیے تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔