چرار شریف عرس، ڈی سی بڈگام نے انتظامات کا لیا جائزہ بڈگام (جموں کشمیر) :صوفی بزرگ حضرت شیخ نور الدین نورانی رحمۃ اللہ علیہ کے عرس پاک کی نسبت سے انتظامات کا جائزہ لینے کی غرض سے بڈگام میں ضلع ترقیاتی کمشنر، اکشے لبرو، کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جائزہ میٹنگ میں متعلقہ محکمہ جات کے افسران پر انتظامات کو حتمی شکل دینے اور عقیدت مندوں کے لیے پختہ انتظامات کو یقینی بنائے جانے پر زور دیا گیا۔ علمدار کشمیر شیخ نور الدین نورانیؒ کا آستان عالیہ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں واقع ہے۔
ڈی سی بڈگام نے میٹنگ کے دوران انتظامات کا محکمہ وار جائزہ لیا اور متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ تمام انتظامات بشمول اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، مزار کے احاطے اور اطراف کی صفائی، اضافی موبائل ٹوائلٹ کی تنصیب اور مناسب صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کی ڈمپنگ کو یقینی بنائیں۔ ڈی سی بڈگام نے محکمہ جل شکتی اور پی ڈی ڈی محکموں کو ہدایت دی کہ وہ عرس کے ایام میں چرار شریف قصبہ سمیت آس پاس کے علاقوں میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنائیں۔
میونسپل کمیٹی چرار شریف کے ای او کو صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام کرنے اور آستان عالیہ کے احاطے سے کچرا باقاعدگی سے اٹھانے کی ہدایت کی گئی اور ساتھ ہی کچرا پھینکنے کے لیے کوڑے دان لگانے کی ہدایت کی گئی، اس کے علاوہ اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کی بھی تاکید کی گئی۔ میونسپل کمیٹی چرارشریف کو محکمہ سیاحت کے ساتھ مل کر آستان عالیہ میں بجلی، تزئین اور پارکوں کی خوبصورتی یو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ ڈی وائی ایس پی ٹریفک اور اے آر ٹی او بڈگام آنے والے عقیدت مندوں کے لیے بغیر پریشانی کے سفر کرنے کے لیے ایک مربوط ٹریفک مینجمنٹ پلان مرتب کریں۔ انہیں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے گاڑیوں کے لیے اضافی پارکنگ کے انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ جبکہ محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی کہ عرس کے ایام میں یہاں آنے والے عقیدت مندوں کو مطلوبہ طبی سہولیات میسر رکھیں، بالخصوص معذور افراد کے لئے وہیل چیئرز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہیں آستان عالیہ کے احاطے میں میڈیکل کیمپ لگانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
ڈی سی بڈگام کے علاوہ اجلاس میں جے ڈی پلاننگ رفیق احمد، ایس ڈی ایم چرار شریف، ایس ڈی پی او چرار شریف، ڈی ایس پی ٹریفک، اے آر ٹی او بڈگام، اے ڈی ایف، سی ایس اور سی اے، تحصیلدار چرار شریف، جے کے وقف بورڈ کے اوقاف آفیسر، زیارت شریف کے نمائندوں اور مختلف لائن محکموں کے ضلع سربراہان نے بھی اس میں شرکت کی۔
مزید پڑھیں:DC Budgam Reviews Arrangements Meeting ڈی سی بڈگام نے تہواروں کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا
واضح رہے کہ حضرت شیخ نورالدین ولی رحمہ اللہ تعالیٰ جموں و کشمیر کے بلند پایہ ولی کاملین میں شمار ہوتے ہیں، علمدار کشمیر اور شیخ العالم کے القاب سے معروف شیخ نور الدین نورانیؒ نے اپنی زندگی مذہبِ اسلام کے نام وقف کی تھی۔ انہوں نے وادی کشمیر کے طول و ارض میں پیدل سفر کر کے اسلام کی دعوت دی اور ﷲ کو معبود بر حق ماننے کی تلقین کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کشمیری زبان میں شاعری بھی کی ہے جو کہ ہر طبقہ فکر میں مشہور و معروف ہے۔ وادی میں سلسلہ اویسی کے اولین بزرگ کی زیارت گاہ، واقع چرار شریف، میں حاضری دینے اور اﷲ سے اپنی مراد پوری کرانے کے لیے سال بھر یہاں زائرین کا تانتا بندھا رہتا ہے تاہم عرس پاک کے موقع پر بیرون وادی کے بھی ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند یہاں آتے ہیں۔