بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ضلع انتظامیہ نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو سڑک کے کناروں، سیاحتی مقامات، ندی نالوں، گلی کوچوں اور عوامی مقامات اور دیگر لنک روڈز پر کچرا پھینکے یا کوڑا کرکٹ کو، ان مقامات پر، جلانے سے پرہیز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ان اعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ’’اس سے صحت کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں اور ضلع میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔‘‘
انتظامیہ کے ایک آفیسر نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر بڈگام نے باضابطہ طور پر ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں سیاحتی مقامات، ندی نالوں، مین رابطہ سڑکوں اور لنک روڈز کے اطراف وغیرہ پر کوڈا کرکٹ (کچرا) انڈیلنے/پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور جو بھی ان سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ضلع کی عوام کو اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھروں سے نکلنے والے فضلہ کو اکٹھا کرنے اور الگ کرنے کے لیے اپنے کمپاؤنڈ کے اندر مناسب ڈسٹ بنز کا استعمال کریں۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع میں پہلے سے ہی سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال پر بھی مکمل پابندی عائد ہے۔ مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے آفیسر نے بتایا کہ ’’ضلع بڈگام کی سبھی میونسپلٹیز کے ایگزیکٹو آفیسرز (ای اوز) سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ماتحت آنے والی میونسپلٹی کمیٹیز میں اس حکمنامہ کو من و عن نافذ کرنے کے لیے دستیاب افراد اور مشینری کو بروئے کار لائیں، تاکہ اس حکمنامہ کو زمینی سطح پر پوری طرح نافذ کیا جا سکے۔‘‘