بڈگام (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈپٹی کمشنر، اکشے لبرو، نے ڈی ڈی سی چیئرپرسن نذیر خان کے ہمراہ بیروہ علاقے دورہ کیا۔ دورے کے دوران متعدد ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صدر بلدیہ کونسل بیروہ نذیر احمد، ایس ڈی ایم بیروہ توفیق اے غازی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران، 2.19 کروڑ روپے لاگت سے تعمیر ہو رہے گوندی پورہ واٹر سپلائی اسکیم کا سنگ بنیاد ڈالا گیا اور بیروہ قصبے میں ابھینو گپت کے بیرم غار میں رسائی کے بنیادی ڈھانچے کا بھی افتتاح کیا گیا۔ ان پروجیکٹس کا حال ہی میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون سرینگر میں ایک تقریب کے دوران ای لانچ کیا تھا۔
دورے کے دوران ڈی سی نے رٹھسن میں بابا حنیف الدین ریشی رحمہ اللہ کے مزار پر بھی حاضری دی اور درگاہ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جامع مسجد بیروہ کا بھی دورہ کیا اور بیرم غار کے مقام پر بھی حاضری دی۔ ڈی ڈی سی چیئرمین، نذیر احمد خان، جنہوں نے اس موقع پر عوام سے خطاب کیا نے بیروہ پر خصوصی توجہ دینے اور بیروہ کے لوگوں کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لیے ایل جی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضلع انتظامیہ بڈگام ان پروجیکٹوں کو بروقت مکمل کرنے اور بیروہ کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔