بڈگام (جموں و کشمیر) : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ڈپٹی کمشنر، اکشے لبرو، نے کانفرنس ہال میں تپ دق (ٹی بی) کے خاتمے کے لئے منعقدہ قومی پروگرام (NTEP) پر ڈسٹرکٹ ٹی بی کنٹرول سوسائٹی کے ڈسٹرکٹ ٹی بی فورم کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ ضلع میں ٹی بی کے کیسز میں خاطر خواہ کمی لانے اور ملک میں بڈگام کو ٹی بی سے پاک ضلع کا درجہ دلانے کے لیے کام کرنے پر ڈی سی نے محکمہ صحت کے عملے، تپ دق کے شعبہ اور دیگر متعلقہ افراد کے اہم کردار کو سراہا۔ جائزہ اجلاس کے دوران ڈی سی نے کہا: ’’اس مرض کے خاتمے کے لیے ضلع بھر میں مریضوں کی تیز ترین اسکریننگ کی جائے۔‘‘
ڈی سی نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ آئی ای سی پروگرامز کا انعقاد کریں اور بہتر نتائج کے لیے PRIs، VLWs، پنچایت سیکریٹریز، آنگن واڑی اور آشا ورکرز اور دیگر فیلڈ کارکنان کو TB کے خاتمے کے حوالے سے حساسیت اور بیداری کو یقینی بنائیں۔ ڈسٹرکٹ ٹی بی کنٹرول سوسائٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈی سی نے کہا کہ ’’ضرورت اس بات کی ہے کہ ضلع بھر میں ٹی بی کے کیسز میں تیزی سے کمی لانے کے لیے مزید لگن کے ساتھ کام کیا جانا چاہیے تاکہ ضلع میں اس بیماری کا نام و نشان بھی باقی نہ رہے۔‘‘