بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جموں و کشمیر پولیس نے پلوامہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک موٹر سائیکل سوار - جس کی ویڈیو پکھر پورہ، بڈگام میں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے وائرل ہوئی تھی - کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بڈگام پولیس نے ’غیر ذمہ دار‘ نوجوان موٹر سائیکل سوار کی شناخت عامر رشید وگے ولد عبد الرشید وگے ساکنہ کھائیگام، پلوامہ کے طور پر ظاہر کی ہے۔
بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ عامر رشید وگے کے لاپرواہ رویے - جو کہ وائرل ویڈیو میں صاف ظاہر ہے - کی وجہ سے نہ صرف اس کی خود کی جان کو خطرہ لاحق ہوا بلکہ اس کی یہ ’’غیر ذمہ دارانہ کرتب بازی‘‘ راہگیروں کے لئے بھی وبال جن بن سکتی تھی۔ بڈگام پولیس نے عامر کو حراست میں لیکر اس کے خلاف موٹر وہیکل (ایم وی) ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں، کرتب بازی میں استعمال ہونے والے موٹر سائیکل - جو پولیس بیان کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ اور اہم ضروری دستاویزات کے پائی گئی - کو بھی پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔