بڈگام:جموں و کشمیر پولیس نے معاشرے سے منشیات کی بدعت کو ختم کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے سائیکو ٹراپک مادہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ معمول کے مطابق ناکہ چیکنگ کے دوران ضلع جنرل روڈ کیچھ رازگیر پر پولیس اسٹیشن خانصاحب کی ایک پولیس پارٹی نے ایک ماروتی کار زیر رجسٹریشن نمبر JK04C-3734 کے ڈرائیو کو رکنے کا اشارہ کیا، بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی رئیتھن سے بگرو کی طرف جا رہی تھی۔
بڈگام پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ڈرائیور نے اپنا نام عبدالرشید گنائی ولد غلام محمد گنائی ساکن ہانجی گنڈ، ایچھگام، بڈگام اور اس کے ساتھی نے اپنی شناخت فردوس احمد نجار ولد غلام نبی نجار ساکن ہئرونن، گنڈ درویش کے طور پر ظاہر کی۔ پولیس نے کار کی تلاشی کے دوران تین نائیلون بیگ ضبط کیے جن سے تقریباً 24 کلو گرام وزنی پوست کا بھوسا (فکی) برآمد ہوا۔