کورونا وائرس کے مثبت معاملوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر انتظامیہ کئی اقدامات کر رہی ہے۔ لوگوں کو کورونا وائرس سے محفوط رکھنے کے لئے انتظامیہ ہر وقت تیار ہے۔ اسی ضمن میں اب جموں و کشمیر میں دو ہسپتال بنائے جا رہے ہیں جن میں 500 بیڈس کی سہولت ہوگی۔
یہ اسپتال ایک تو جموں میں تعمیر کیا جا رہا ہے اور دوسرا کشمیر میں۔ کشمیر میں یہ کووڈ اسپیشلٹی ہسپتال ضلع بڈگام میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ہسپتال کو تعمیر کرنے اور اسے پوری طرح سے تیار کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ کو صرف ایک ماہ کا ٹارگیٹ ملا ہے۔
جہاں یہ ہسپتال بنایا جا رہا ہے وہاں کام شروع ہوا ہے۔ زمین سے درخت کاٹے جا رہے ہیں اور ہسپتال کو جانے والی سڑک کو بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ ہسپتال میں کورونا وائرس مثبت افراد کے لئے ہر طرح کی سہولت ہوگی۔ ہسپتال میں 200 آئی سی یو بیڈ کے علاوہ علیحدہ آکسیجن پلانٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدام کی کافی ستائش کی۔ تاہم لوگوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی بستی کو کورونا وائرس سے محفوط رکھنے کے لئے بھی انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وہیں انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جن افراد نے ہسپتال کے لیے زمین وقف کی ہے ان کو سرکار کی جانب سے کچھ فائدہ پہنچنا چاہیے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے کہا کہ وہ ٹارگیٹ کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے کام پر لگے ہیں اور ٹارگیٹ سے پہلے ہی ہسپتال کو تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔