بڈگام:جموں و کشمیر اینڈ لداخ ہائی کورٹ نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ایک شخص کی نظربندی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے جیل سے فوری رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نظربند محمد سلیم ڈار ولد علی محمد ڈار ساکنہ آری پانتھن بڈگام کو اپریل 2022 میں پولیس نے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت کوٹ بھلوال جیل جموں میں زیر حراست میں ہے۔محصور شخص کے وکیل ایڈووکیٹ بشیر احمد ٹاک نے کہا کہ محمد سلیم ڈار کو 2003 میں ان کے خلاف درج مقدمے میں اس بنیاد پر پھنسایا گیا تھا کہ وہ ریاست کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ متعدد مواقع پر ریاستی مشینری نے درخواست گزار کو جھوٹے اور غیر سنجیدہ مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی گئی۔ اس کے علاوہ مذکوہ شخص کا نظر بندی کا حکم مکمل طور پر مبہم اور من مانی انداز میں پاس کیا گیا ہے، اور اس حکم کو منسوخ کیا جانا چاہیے۔